ام حسنین (رض) ایجوکیشن پروگرام

تعلیم کی اہمیت ہر مذہب اور ملت میں مسلم ہے لیکن اسلام میں تعلیم کا حصول فرض قرار دیا گیا ہے، معاشی اعتبار سے تعلیم ہر ایک انسان کی بنیادی ضرورت بھی ہے اور معاشرتی اعتبار سے تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق بھی۔ دراصل انسانی زندگی کے سُدھار اور بِگاڑ میں تعلیم اور تعلیمی پس منظر کا بڑا عمل دخل ہے، تعلیم ہی انسان کو انسان بناتی ہے اور تعلیم ہی زیورِِ تہذیب وتمدن سے آراستہ کرتی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کا مطلب محض مدارس، سکولز، کالجز یا یونیورسٹیز وغیرہ سے کوئی سرٹیفیکٹ یا ڈگری لینا ہی نہیں ہوتا بلکہ تعلیم حاصل کرنے کا اصل مقصد علم کی اہمیت وافادیت کو سمجھنا اور اپنی علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تہذیب وتمدن کے دائرے میں رہ کر زندگی گزارنا ہوتا ہے۔

تعلیم کی اس اہمیت وضرورت کے پیشِ نظر ’’ادارہ: مرکز ام حسنین فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا‘‘ کے اس منصوبے کے تحت بنیادی طور پر ’’تعلیم سب کےلیے‘‘ کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کےلیے بچوں، بچیوں، خواتین، مرد، بزرگوں اور معذور افراد کےلیے معیاری دینی وعصری تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔ ان شاءاللہ